لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سموگ، ماحولیاتی آلودگی اور توانائی کی بچت کے اقدامات کیلئے ضلعی انتظامیہ لاہور نے کمرشل مارکیٹوں کے نئے اوقات کار جاری کردیئے۔ ڈی سی لاہور کے مطابق کمرشل مارکیٹیں بشمول ہول سیل، پرچون ہفتہ سے پیر رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گی، کمرشل مارکیٹیں اتوار کو دن 2 بجے سے رات 10 بجے تک کھل سکیں گی، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس پیر تا جمعرات رات 11 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا تمام ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس کو جمعہ تا اتوار رات 12 بجے تک کھلنے کی اجازت ہو گی، اشیائے خورونوش کی ہوم ڈلیوری کے اوقات کار رات 12 بجکر 30 منٹ تک کئے گئے ہیں۔ رافعہ حیدر نے بتایا میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور سی این جی سٹیشنز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، ملک شاپس، تندور اور پنکچر والی دکانیں بھی کھلی رہیں گی، ڈی سی لاہور نے کہا تاجر برادری سے گزارش ہے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔