لاہور (نمائندہ خصوصی) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق دریائے ستلج پر بھارتی ڈیم پونگ اور باکھرا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ،دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے ،ہیڈ اسلام میں پانی کا بہاﺅ 1 لاکھ 51 ہزار کیوسک ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گنڈا سنگھ کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے ۔گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہا ﺅ1 لاکھ 22 ہزار کیوسک ہے ۔سلیمانکی مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔دریائے چناب راوی اور جہلم میں پانی کا بہا ﺅنارمل ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کے مطابق دریاﺅں، براجز ،ڈیمز اور نالہ جات میں پانی کے بہاﺅکی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شہری دریاں ندی نالوں میں نہانے اور سیر و تفریح سے گریز کریں ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج پر بھارتی ڈیم پونگ اور باکھرا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہے ۔مزید بارشوں کی صورت میں بھارت سے پانی کی آمد میں تباہ کن اضافہ متوقع ہے۔ قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، ویہاڑی، بہاولنگر، لودھراں،ملتان اور بہاولپور کے اضلاع شدید متاثر ہوسکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق دریائے ستلج کے راستے میں قائم سوسائٹیوں اور قصبوں کو خالی کروانا پڑ سکتاہے۔ متاثر ہونے والے موضع، دیہات اور سوسائیٹیوں بارے تفصیلات متعلقہ انتظامیہ کو فراہم کی جاچکی ہیں۔بھارتی ڈیموں کی صورتحال پر تشویش، تمام ادارے ہائی الرٹ رہیں۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ ندی نالوں کے راستوں سے تجاوزات کا خاتمی یقینی بنائے۔ مقامی آبادیوں کے ساتھ بھی معلومات شیئر کی جائیں تاکہ وہ ذہنی طور پر تیار رہیں۔ عوام اور ادارے مل کر سیلاب کی تباہ کاریوں کو کم سے کم کر سکتے ہیں۔کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر چوبیس گھنٹے اطلاع دے سکتے ہیں۔