کراچی(نمائندہ خصوصی) نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد خان نے جڑانوالہ واقعہ میں ملوث مجرموں کو سزا دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 177 ملزمان کو پکڑا جا چکا ہے،کراچی پریس کلب کے مسائل وزیر اعظم تک لے جانے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے ہروقت دستیاب ہوں۔۔وہ جمعہ کو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر کراچی پریس کلب کے عہدیداروں، گورننگ باڈی، سینئرصحافیوںاورمیڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پرکراچی پریس کلب کے صدرسعید سربازی ،سیکرٹری شعیب احمد،جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان،سابق صدر فاضل جمیلی،پی ایف یوجے دستور کے سیکرٹری اے ایچ خانزادہ،سابق سیکرٹری مقصود یوسفی،کے یوجے دستور کے صدر خلیل ناصر سمیت دیگربھی موجود تھے۔انیق احمد نے کہا کہ مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کو ملک میں مساوی حقوق حاصل ہیں اور حکومت ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم، وزرا کے ساتھ ساتھ علمائے کرام، عوام اور سیاستدانوں نے جڑانوالہ میں توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی پذیر ملک نہیں دیکھنا چاہتا۔سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کے حالیہ دورہ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستان ہاﺅسز کی تعمیر کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے سعودی وزیر سے پاکستانی حجاج کو ملک میں امیگریشن کی سہولیات سمیت مساوی سہولیات فراہم کرنے کے بارے میں بھی بات کی۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور وہ کراچی پریس کلب(کے پی سی)سے قریبی تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کے پی سی کے مسائل وزیر اعظم تک لے جانے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے دستیاب ہیں۔