لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے نومئی واقعات پردرج مقدمے میں گلبرگ پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں تفتیش کی اجازت دیدی۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہورمیں نومئی کے واقعات پردرج مقدمات کی سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجازاحمد بٹرنے پولیس کی درخواست منظورکرلی۔ تھانہ گلبرگ میں درج مقدمے میں پولیس نے تفتیش کی اجازت مانگی۔درخواست گزارنے موقف اختیار کیا کہ توشہ خانہ میں سزا کے بعد چیرمین پی ٹی آئی اٹک جیل میں قید کاٹ رہے ہیں تھانہ گلبرگ میں درج مقدمے میں تفتیش درکار ہے۔ عدالت چیرمین پی ٹی آئی سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے۔اس سے قبل بھی لاہورپولیس کو مختلف مقدمات میں جیل میں تفتیش کی اجازت مل چکی ہے۔عدالت نے تھانہ گلبرگ پولیس کو ڈاکٹر یاسمین راشد، محمودالرشید سے بھی جیل میں تفتیش کی اجازت دیدی ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے مال روڈ پر پولیس پرحملہ اور گاڑیاں جلانے کے کیس میں یاسمین راشد سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ میں بغاوت کی دفعات بھی شامل کرنے کی اجازت دی ۔ملزمان میں یاسمین راشد، رانا تنویر ، ریاض حسین، افتخاراحمد اور حنیف مسیح شامل ہیں۔اس کے علاوہ عدالت نے جلاﺅ گھیراﺅ کے سرورروڈ کے مقدمے میں اعجاز چوہدری سے تفتیش کی اجازت بھی دیدی۔