لندن (نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے فی الحال وطن واپس نہ آنے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں عام انتخابات فروری 2024ء میں ہونے کی صورت میں مسلم لیگ ن کے قائد کو اکتوبر یا نومبر میں وطن واپسی کی تجویز دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات میں سابق وزیراعظم کے ستمبر میں وطن واپس نہ آنے پر اتفاق کیا گیا، اب ان کی واپسی اکتوبر یا نومبر میں متوقع ہے جب کہ نواز شریف نے وطن واپس آنے کے لیے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی پرواز بک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد کی اپنے بھائی اور پارٹی کے صدر شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور ملکی سیاست کے مستقبل پر غور کیا گیا، اس ملاقات میں آئندہ عام انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم پر مشاورت ہوئی اور پارٹی کے آئندہ کے بیانیے کے حوالے سے غور ہوا۔