لاہور (نمائندہ خصوصی) ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ہفتہ کی چھٹی بحال کر دی ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریلوے ہیڈ کوارٹر کے افسران اور ملازمین اب ہفتے میں پانچ روز کام کریں گے جبکہ دوسرے شعبوں کے افسران اور ملازمین ہفتے میں چھ روز اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریلوے ہیڈ کوارٹر کے ملازمین پیر تا جمعہ صبح ساڑھے 7بجے سے سہ پہر ساڑھے 3بجے تک ڈیوٹی سر انجا م دیں گے۔ نماز اور لنچ کے لئے ایک سے ڈیڑھ بجے تک وقفہ ہوگا۔یاد رہے کہ سابقہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ہفتہ کے روز کی چھٹی بند کی تھی ۔اعظم سواتی نے بھی بطور وزیر ریلوے چھٹی بحال کی تھی تاہم خواجہ سعد رفیق نے دوبارہ وزارت کا چارج سنبھالنے پر ہفتے کے روز چھٹی دوبارہ بند کر دی تھی ۔