کراچی(نمائندہ خصوصی)نئے آئی جی سندھ رفعت مختار نے سندھ پولیس کیلئے پیغام اور نئی ہدایت جاری کردی ہیں۔تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ رفعت مختار نے سندھ پولیس کو عام انتخابات کیلئے محفوظ ماحول یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی۔نئے آئی جی سندھ رفعت مختار کی جانب سے تین زبانوں سندھی، انگلش اور اردو میں پیغام جاری کیا گیاہے، جس میں انہوں نے کہاہے کہ اللہ کاکرم ہے مجھے سندھ پولیس کے 84ویں آئی جی کی کمانڈ کا اعزاز بخشا گیا۔سندھ پولیس فورس کی کمانڈ اور رہنمائی میرے لئے قابل فخر اعزاز ہے، شہدائے سندھ پولیس ہمارے رول ماڈ ل ہیں، انکے اہل خانہ کی فلاح و بہبود ہماری ذمہ داری ہے۔آئی جی رفعت مختار نے کہا کہ سندھ پولیس موثر انداز میں جرائم، دہشتگردی کے خلاف سرگرم عمل ہے، آئندہ یا مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں سندھ پولیس کی ترجیحات ہونگیں۔انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے لیے پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ایک ٹیم کی حیثیت سے خواہش ہے ہم ملکر آگے بڑھیں، پولیسنگ کے مجموعی اہداف کو کامیاب بنائیں۔آئی جی سندھ رفعت مختار نے مزید کہا کہ ہماری زندگی اورکارکردگی اس بات کا ثبوت ہے، ہم محکمے صوبے اور ملک سے محبت کرتے ہیں۔