جوہانسبرگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے ہم نصیب ترقی کی کمیونٹی کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عالمی جدیدیت کے عمل میں کوئی بھی ملک پیچھے نہ رہے۔15ویں برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر برکس-افریقہ آؤٹ ریچ اور برکس پلس ڈائیلاگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر شی نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ترقی کو بین الاقوامی ایجنڈے کے مرکز میں بحال کرتے ہوئے عالمی طرز حکمرانی میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی اور آواز کو بڑھانے کے لیے کوششیں اور بہتر ترقی کے حصول میں ترقی پذیر ممالک کی مدد کرے۔
شی نے کہا کہ چین ترقی پذیر ممالک کا رکن رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ چین افریقی ممالک کے ساتھ مزید تعاون کرے گا تاکہ ترقی کے لیے اپنی صلاحیت کو بڑھانے میں افریقہ کی مدد کی جا سکے اور یہ کہ چینی مالیاتی ادارے جلد ہی 10 ارب ڈالر کا خصوصی فنڈ قائم کریں گے جو عالمی ترقیاتی اقدام پر عملدرآمد کے لیے وقف ہوگا۔