جوہانسبرگ(شِنہوا) برکس رہنماؤں نے چھ ممالک ارجنٹائن، مصر، ایتھوپیا، ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو برکس گروپ میں شامل ہونے کی دعوت دینے پراتفاق کرلیاہے۔
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نےجمعرات کو 15ویں برکس سربراہی اجلاس کے دوران پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ یہ چھ ممالک یکم جنوری 2024 سے برکس کے باضابطہ رکن بن جائیں گے۔
رامافوسا نے کہا کہ ہم برکس شراکت داری کی تعمیر میں دوسرے ممالک کے مفادات کی قدر کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سربراہی اجلاس سے برکس نے ایک منصفانہ، جامع اور خوشحال دنیا کی تشکیل کی کوششوں میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔
برکس رہنماؤں کی جانب سے اس اعلان کواپنے ملک کے لیے ایک عظیم لمحہ قرار دیتے ہوئے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد نے ایک بیان میں کہا کہ ایتھوپیا ایک جامع اور خوشحال عالمی نظام کے لیے سب کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النھیان نے کہا کہ ان کا ملک برکس قیادت کے وژن کااحترام اور متحدہ عرب امارات کو اس اہم گروپ میں رکن کے طور پرشامل کرنے کے فیصلے کو سراہتا ہے۔