کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) بلاول بھٹوزرداری مغربی ممالک سے دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے دوررس اثرات مرتب ہونگے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کے اعزاز میں اعزازی قونصلر کور سندھ کراچی کے صدرمرزااختیار بیگ کی جانب سے عشائیہ دیا گیا، عشائیہ میں سینیٹرز، سابق وزرائ، امریکہ، برطانیہ، چین اور روس کے سفارت کار بھی شریک ہوئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا مغربی ممالک سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے ایسے اقدامات اٹھائے گئے جن کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے، فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے سے کاروباری مواقعوں میں اضافہ ہوا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کیلئے زبردست کوششیں کیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوئے، یورپی یونین سے جی ایس پی پلس معاہدے میں توسیع کی وجہ سے کاروباری افراد کو بہترین مواقع حاصل ہوئے۔ چیئرمین پی پی نے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے سفارت کاروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، کراچی کے کاروباری افراد کو بھی اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ بلاول بھٹوزرداری کی بطور وزیرخارجہ خدمات کے اعتراف میں ہونے والےعشائیے میں میئر کراچی، شرجیل میمن اور وقارمہدی بھی موجود تھے۔