اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)پاکستان میں کورونا وائر س کے کیسز پھر بڑھنے لگے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 22 فی صد ریکارڈ کی گئی۔ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 50 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک اور کورونا مریض انتقال کر گیا۔پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 144 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 68 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 382 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں،اس کے کْل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 31 ہزار 581 ہو چکی ہے۔ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 982 زیرِ علاج مریضوں میں سے 61 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کْل 14 لاکھ 98 ہزار 217 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 11 ہزار 828 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کْل 2 کروڑ 88 لاکھ 7 ہزار 107 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 78 ہزار 6 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کْل اموات 8 ہزار 108 ہو گئیں۔پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 5 لاکھ 7 ہزار 561 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کْل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 565 ہو چکی ہیں۔خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 19 ہزار 756 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کْل اموات 6 ہزار 324 ہو گئیں۔