لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما وسابق صوبائی وزیر سید صمصام بخاری نے استحکام پاکستان پارٹی میںباضابطہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔ صمصام بخاری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان تری سے ملاقات کی اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر سعید اکبر نوانی ، فردوس عاشق اعوان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ جہانگیر ترین نے صمصام بخاری اور دیگر کی شمولیت پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوستوں سے خاص تعلق رہا ہے اس لئے وہ ہماری پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں ، سب سیاسی اور سمجھدار لوگ ہیں اور وہ یقینا اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ سوچ سمجھ کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ بہت سے لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں اور وہ وقت بھی آئے گا جب میرا جہاز بھی چھوٹا پڑ جائے گا اور ہمیں جمبو جہاز لینا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے لئے آئین کے مطابق تاریخ دی ہے ،دسمبر تک حلقہ بندیوں کے بعد 60سے 90روز میں انتخابات ہو سکتے ہیں ،انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے مطابق ہونے چاہئیں تاکہ کسی کو بھی اعتراض نہ ہو ، 12مارچ کو سینیٹ کے انتخابات ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ انتخابات مارچ سے آگے نہیں جائیں گے اور سینیٹ انتخابات سے پہلے پورے ملک میں یہ مرحلہ مکمل کر لیا جائے گا ۔