اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اختیارات کے تحت سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے حکام کے حوالے کردیا۔سماعت کے دوران ایف آئی اے کی زیر حراست سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں عدالت پیش کیاگیا، اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے،پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی، ان کیمرہ سماعت سے قبل عدالت نے میڈیااور تمام غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے خوشنود ایڈووکیٹ اور شاہ محمود قریشی کی جانب سے شعیب شاہین ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے، ایف آئی حکام کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہاگیا کہ سائفر سے متعلقہ دستاویزات کی برآمدگی کیلئے جسمانی ریمانڈ درکار ہے جس پر شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی،فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں عدالت نے شاہ محمود قریشی کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے حکام کے حوالہ کرنے کا حکم سنادیا۔