کراچی ( بیورورپورٹ ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے این اے 240 میں فائرنگ کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس غلام نبی میمن اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی کہ فائرنگ کے واقعہ اور جھڑپوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو بھی پرامن پولنگ کے عمل میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کریں۔ انھوں نے زور دیا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور تشدد کی اجازت نہیں دی جائیگی