اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران حکومت کے پہلے ہفتے میں بھی مہنگائی کا راج برقرار رہا ، گذشتہ ہفتے 32 اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ،چاول، چینی اور دالیں مزید مہنگی ہو گئیں ،قصابوں نے بڑا چھوٹا گوشت بھی مہنگا کر دیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق نگران حکومت کے پہلے ہفتے میں مہنگائی مزید بڑھ گئی ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.78 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 27.57 فیصد تک پہنچ گئی ۔ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ ہفتے 32 اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھاگیا ،7میں کمی اور12 کی قیمتوں میں استحکام دیکھنے میں آیا گذشتہ ہفتے چاول فی کلو 12 روپے، چینی 6 دال ماش 13 ،دال مونگ 6 اور دال مسور 3 روپے فی کلو مہنگی ہوئی ساتھ ہی قصابوں نے بڑے گوشت کے بھاو¿ میں 3 روپے اور چھوٹے گوشت کے دام میں 7 روپے فی کلو اضافہ کردیا زندہ مرغی کی قیمت بھی فی کلو 12 روپے مہنگی ہوئی ساتھ ہی انڈوں کے دام بھی فی درجن 4 سے 5 روپے بڑھے ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ ہفتے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 6 روپے ، ٹماٹر کے نرخ میں 19 روپے اور برانڈڈ گھی کے 5 کلو کے ڈبے میں 49 روپے کی کمی ہوئی۔