راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی )کرنل ر خرم کی طرف سے مختلف شعبوں سے متعلق دوستوں کے اعزاز میں کینٹ گیریزن میس میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ عشائیہ میں کرنل ریٹائرڈ افتخار، اکیڈمی آف فیملیز فزیشن ٹیکسلا و واہ کینٹ ڈاکٹر اسد علی ، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر اور ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی ابرار احمد خان، شاہد جمیل منہاس ، نائب صدر ایپسما راولپنڈی ڈویژن چوہدری عطاء الرحمن، ایپسما چکلالہ کینٹ کے صدر سید عادل شاہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایپسما راولپنڈی ڈویژن کامران سیف قریشی، تحصیل صدر راولپنڈی عدنان نثار نے شرکت کی ۔ عشائیہ میں ڈویژنل صدر ایپسما ابرار احمد خان نے افواج پاکستان کی ملک کے لیے گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مضبوط افواج پاکستان محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے۔ ہماری افواج پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے اعتبار سے دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے۔ کرنل ریٹائرڈ خرم ،کرنل ر افتخار اور میجر ابراہیم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے اور عظیم ادارہ کے ساتھ وابستہ ہونا ہمارے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ اس دھرتی کے لیے ہماری افواج نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ دشمن کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ افواج پاکستان کے بارے میں منفی پراپیگنڈا کے ذریعے عوام کے دلوں میں نفرت کا بیج بوئیں۔ ڈاکٹر اسد علی اور چوہدری عطاء الرحمن نے کہا کہ افواج پاکستان کے ہوتے ہوئے دشمن کبھی بھی اپنی سازش میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ یہ دھرتی اپنی ماں ہے اس کی حفاظت کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ تمام شرکاء محفل نے پروفیسر شاہد جمیل منہاس کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ادبی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔