اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے وزارت داخلہ کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔وزارت داخلہ آمد پر وفاقی سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ سمیت دیگر حکام نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزارت داخلہ آمد پر نگراں وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی گئی۔ سرفراز احمد بگٹی پاکستان کے 47 ویں وفاقی وزیر داخلہ ہیں۔اس موقع پر نگراں وزیر داخلہ نے وزارت کے اعلیٰ افسران سے تعارفی ملاقات کی۔ وزیر داخلہ کو وزارت داخلہ اور اس کے ذیلی اداروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، جڑانوالہ کا سانحہ انتہائی شرمناک اور رسول پاک کی تعلیمات کے منافی ہے، ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ پورے ملک میں بلا خوف و خطر نقل و حمل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی گروہ کو تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی خدمت کیلئے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ نگراں وزیر داخلہ کے حکم پر نئے اسلحہ لائسنسز کے اجرا پر پابندی عائد کر دی گئی۔