کوئٹہ(نمائندہ خصوصی) بلوچستان اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی نے نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے لئے میر علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق کرلیا ، گورنر بلوچستان نے پارلیمانی کمیٹی کی سفارش پر علی مردان ڈومکی کی بطور نگراں وزیراعلیٰ تقرری کی منظوری دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لئے بلوچستان اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کی دوسری نشست گزشتہ شب رات گئے منعقد ہوئی جس میں حکومت کی جانب سے انجینئر زمرک خان اچکزئی، سردار عبدالرحمن کھیتران اور اپوزیشن کی جانب سے میر یونس عزیز زہری، عبدالواحد صدیقی، حاجی نواز کاکڑ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں دونوں جانب سے نگراں وزاعلیٰ کے لئے تجویز کردہ ناموں پر غور کیا گیا اور اتفاق رائے سے اپوزیشن کی جانب سے تجویز کردہ نام میر علی مردان ڈومکی کے نام پر اکتفا کیا گیا ۔ بعدازاں اسپیکر نے پارلیمانی کمیٹی کی سفارش گورنر بلوچستان کو ارسال کردی جنہوں نے جمعہ کی صبح میر علی مردان ڈومکی کی بطور نگراں وزیراعلیٰ تقرری کی سمری کی منظوری دے دی ۔ ترجمان گورنر ہاﺅس نے علی مردان ڈومکی کی تقرری کی سفارش کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے نگران وزیراعلیٰ کے لیے علی مردان ڈومکی کے نام کی منظوری دیدی۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے علی مردان ڈومکی کا نام حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی نے فائنل کیا تھا جس کی سمری اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے منظوری کے لیے گورنر کو بھجوائی تھی۔یاد رہے کہ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کسی ایک نام پر اتفاق نہیں کر سکے تھے جس کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا تھا۔