اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ وزیراعظم نے معاشی بحالی کےلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں وزارت خزانہ، وزارت تجارت اور وزارت توانائی، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے ارکان شامل ہوں گے اور یہ کمیٹی پاکستان میں معاشی بحالی کے عمل کی نگرانی کرے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے پاکستان ٹیلی ویڑن، عالمی ماہرین کی نگرانی میں تجوید قرآن پر پروگرام نشر کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے ثقافتی ورثے، روحانیت اور صوفی ازم کو اجاگر کرنے کے لیے شاہ عبدالطیف بھٹائی، خوشحال خان خٹک اور بلے شاہ جیسے شعرا و صوفیا کے کلام کو قوم تک پہنچایا جائے گا جس کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاشی بدحالی، مہنگائی، افراط زر اور غربت ایک حقیقت ہیں اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا تاہم جب پیٹرول اور بالخصوص ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو وہ افراط زر اور مہنگائی کا طوفان اپنے ساتھ لاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرنا مجبوری ہے کیونکہ عالمی منڈی میں ان کی قیمتیں بڑھی ہوئی ہیں، لہٰذا وفاقی کابینہ کو اس بات کا احساس ہے اور اس نے اپنے اخراجات نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔