اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وزیرخزانہ نے ایف بی آر سے محصولات ہدف حاصل کرنے کا پلان طلب کر لیا۔ڈاکٹر شمشاد اختر کی ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز آمد پر حکام نے استقبال کیا، چیئرمین ایف بی آر اور بورڈ ممبران نے نگران وزیر خزانہ کو محصولات ہدف پر بریفنگ دی۔نگران وزیر خزانہ نے کہا کہ 94 سو ارب کا ہدف حاصل کرنے کے لئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے، ان لینڈ ریونیو، کسٹم، سیلز ٹیکس کے شعبوں میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاکر اصلاحات لائی جائیں گی۔ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ٹیکس محصولات بڑھانے کےلئے ایف بی آر میں اصلاحات ناگزیر ہیں، آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے ٹیکس محصولات بڑھائی جائیں گی، ڈاکٹر شمشاد اختر نے ایف بی آر میں اصلاحات کیلئے عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کی بھی ہدایت دی۔نگران وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ ٹیکس شرائط پر بھی حکام سے بریفنگ لی۔نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں سیکرٹری خزانہ اور معاشی ٹیم نے نگران وزیر خزانہ کو ملکی معاشی صورت حال پر بریفنگ دی۔ڈاکٹر شمشاد اختر کو اہم معاشی اشاریوں کے رجحان سے آگاہ کیا گیا جس کے بعد نگران وزیر خزانہ نے معاشی ڈسپلن یقینی بنانے اور معاشی عدم مساوات دور کرنے کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہاکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز نگران وفاقی کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وفاقی ورزا سے عہدوں کا حلف لیا۔