اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطاءبندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 22 اگست کو مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ مریم نواز پر شمیم شوگر ملز کیس میں آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے۔اسی ضمن میں نیب کی جانب سے لیگی رہنما کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔دوسری جانب سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں قائم 2 رکنی بینچ 23 اگست کو سماعت کرے گا، اس ضمن میں عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔رانا ثناءاللہ کو منشیات مقدمے کے بعد ایک اور بڑا ریلیف مل گیا۔یاد رہے کہ نیب نے رانا ثناءاللہ کے خلاف آمدن سے زائداثاثوں کے الزام میں ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی۔