اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی سیکرٹری برائے قومی صحت افتخار علی شلوانی نے کہا ہے کہ پاکستان پولیو پروگرام ملک میں کہیں بھی پولیو وائرس کی موجودگی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے،پشاور سے لیے گئے ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،پا کستان پولیو پروگرام نے دنیا کا حساس ترین پولیو سرویلنس نظام قائم ہے۔ جمعرات کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور سے لیے گئے ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہےجس کے بعد ملک میں رواں سال مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ قومی ادارہ صحت میں قائم پاکستان پولیو لیبارٹری نے پشاور میں یکم اگست کو نرے خوڑ کے مقام سے نمونے لیے تھے ان میں سے ایک میں پولیو وائرس پایا گیا ہے جو جینیاتی طور پر افغانستان میں موجود پولیو وائرس سے تعلق رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیو پروگرام ملک میں کہیں بھی پولیو وائرس کی موجودگی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تشویش کی بات ہے کہ پشاور کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس بار بار پایا جا رہا ہے۔ ملک میں متعدد پولیو مہمات کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور میں والدین پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس وائرس سے بچوں کو دوچار خطرے کو سمجھیں اور ہر مہم میں انہیں پولیو سے بچاﺅ کے قطرے ضرور پلوائیں۔وفاقی سیکرٹری برائے صحت نے مزید کہا کہ پا کستان پولیو پروگرام نے دنیا کا حساس ترین پولیو سرویلنس نظام قائم کیا ہوا ہے اور ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق یہ ثابت کرتی ہے کہ یہ نظام موثر انداز میں کام کر رہا ہے۔