اسلا م آباد(این این آئی)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین کی 3مقدمات میں ضمانت خارج کر دی،اے ٹی سی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت میں توسیع پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔تفصیلات کے مطابق منگل کوجج ابوالحسنات نے تینوں مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت خارج کر دی۔چیئرمین تحریک انصاف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم حاضری پر ضمانتیں خارج کر دیں۔سماعت کے دوران وکیل سلمان صفدر نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست استثنیٰ دائر کرتے ہوئے کہاکہ سابق وزیر اعظم اٹک جیل میں اس وقت قید ہیں۔انہوں نے کہاکہ عدالت ہدایت دے تو ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر چیئرمین پی ٹی آئی موجود ہیں،اگر عدالت چاہے تو ان کو پیش کرنے کی ہدایت دی جا سکتی ہے۔وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی دیگر مقدمات میں بھی ضمانت منظور کی گئی۔پراسیکیوٹر کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت میں توسیع کی مخالفت کی گئی۔پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو بے انتہا ریلیف دیا گیا ہے،ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کی جائے۔ وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ بہت ہی بے تکی بات کی ہے پراسیکیوٹر نے، چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے پر دلائل دینا چاہتا ہوں،پراسیکیوٹر ثبوت دکھا دیں، الزامات ثابت کر دیں، سابق وزیر اعظم کی غیر حاضری جان بوجھ کر نہیں ہے،پراسیکیوشن نے تفتیش ہی مکمل نہیں کی، کس بنیاد پر ضمانت خارج کی جائے؟پراسیکیوٹر نے کہاکہ ہم کرکٹ گراﺅنڈ میں نہیں کھڑے،کریمنل کیس میں کھڑے ہیں، تفتیش بعد میں آئے گی، حاضری چیئرمین پی ٹی آئی کی پہلے بنتی ہے۔وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا، سپریم کورٹ نے ضمانت خارج نہیں کی، سپریم کورٹ نے ضمانت میں توسیع کی تو اے ٹی سی میں کیوں نہیں ہوسکتی؟