کراچی( نمائندہ خصوصی)کراچی کی اینٹی کرپشن کورٹ نے نسلہ ٹاور کو غیر قانونی زمین الاٹ کرنے کے کیس میں سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور کاکا کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا۔ملزم کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ منظور قادر کا کیس میں کوئی کردار ہی نہیں، تحقیقات میں بھی وہی کردار ہے جو ایف آئی آر میں ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 8 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے 7 کو ضمانت مل چکی ہے۔وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ اس سے قبل بھی بہت سے لوگوں کو اضافی زمین دی گئی تھی، زمین کی اصل مالک کے ایم سی ہے، منظور قادر کاکا 2015 سے 2019 تک بیرون ملک تھے۔عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ ملزم کا مقدمے میں کیا کردار ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے اسٹرکچر این او سی جاری کیا ہے، ملزم ضمانت پر استغاثہ کے گواہوں کو متاثر کر سکتا ہے، ملزمان کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔