کراچی (خصوصی رپورٹ)
”نصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن“ پاکستان ممتاز عالم دین اور چیئرمین مفتی محمد محی الدین کی سربراہی میں ملک کے معذور بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم و تربیت اور کفالت کے لیئے قابل قدر خڈمات انجام دے رہا ہے۔ ٹرسٹ کے منتظمین کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ معذور بچوں اور افراد کو بھرپور زندگی گزارنے کے لیئے مواقع فراہم کریں۔ اس بار نصرت ٹرسٹ فار چلڈرن پاکستان نے معذور بچوں اور افراد کے ساتھ جشن آزادی منایا اور ان کے لیئے سبز پرچموں کی بہار میں ابوبکر ہال کلفٹن میں شایان شان تقریب منعقد کی جس کے مہمان خصوصی میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی تھے، تقریب میں سیکڑوں معذور بچوں نے والدین کے ساتھ شرکت کی اور جشن آزادی منایا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چیئرمین ٹرسٹ مفتی محمد محی الدین، جنرل سیکرٹری مفتی ابوقتادہ محی الدین، معروف صحافی سعید خاور، دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئر (ر) راشد صدیقی، پیپلز پارٹی کے رہنما آصف خان، ممتاز عالم دین اور خطیب جامع مسجد ابوبکر کلفٹن مفتی ابو طلحہ نے اپنے خطاب میں آزادی کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ کوئی طاقت پاکستان کو اس کی منزل سے گمراہ نہیں کر سکتی،پاکستان تاقیامت رہنے کے لیئے بنا ہے،جشن آزادی منانا اسلام کے عین مطابق ہے، خوشیاں منانے کا دن یوم آزادی سے بڑھ کر کوئی دوسرا دن نہیں ہو سکتا، پاکستان کی ترقی کا سفر جلد شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق معذوروں کے اعزاز میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو اس کی منزل سے گمراہ نہیں کر سکتی، پاکستان کل بھی تھا، آج بھی ہے اور ان شااللہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز”نصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن“ سے فنی تربیت حاصل کر کے خود کفیل معذور بچے کریم بخش نے جشن آزادی کے اوصاف پر روشنی ڈال کر کیا- میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کو شایان شان مناتی ہیں تاکہ وہ اقوام عالم میں اپنا وجود منوا سکیں اور نمایاں رہ سکیں- انہوں نے معذور بچوں کے ساتھ جشن آزادی کی تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے معذور بچوں اور افراد کے ذہنوں میں معاشرے کا لازمی جزو ہونے کا احساس اجاگر ہوتا ہے- بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ نصرت ٹرسٹ کے چیئرمین مفتی محمد محی الدین کی مشاورت سے "بے نظیر بھٹو پارک” میں خصوصی بچوں اور افراد کے لئے خصوصی گوشہ قائم کرے گی اور ساحل پر بھی خصوصی بچوں اور افراد کی تفریح کے لئے منصوبے کا جائزہ لے گی تاکہ معذور، بچے، افراد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کے مواقع حاصل کر سکیں- "نصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن” کے چیئرمین مفتی محمد محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن کی آزادی کا جشن منانا اسلام کے عین مطابق ہے، خوشیاں منانے کا دن یوم آزادی سے بڑھ کر کوئی دوسرا دن نہیں ہوسکتا،انہوں نے کہ کہا کہ آج پھر ایک مرتبہ اس قوم کو 1947 والے جذبے کی بہت ضرورت ہے، ہم نے انگریزوں کی غلامی سے تو آزادی حاصل کر لی مگر آج پھر سے ہمیں اس فرسودہ نظام سے اپنی آنے والی نسلوں کو بچانے کے لیے صحیح وقت پر صحیح فیصلے کرنے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان بنایا تھا اور ہم ہی ان شااللہ مل کر اپنے اتحاد کی طاقت سے پاکستان کو بچائیں گے، ان شااللہ پاکستان کی ترقی کا سفر جلد شروع ہوگا۔ پاکستان کے دشمن اپنی سازشوں میں ناکام ہوں گے، ہم اور ہماری افواج دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے،انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مفتی محمد محی الدین نے کہا کہ” نصرت ٹرسٹ فار چلڈرن“ 2004 سے معذور بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم و تربیت اور کفالت کے لئے محدود وسائل کے ساتھ کوشاں ہے، اس سلسلے میں ملیر میں ٹرست پانچ ایکڑ پر معذور بچوں کے لئے جدید ترین کمپلیکس تعمیر کر رہا ہے جس کی جنوبی ایشیا میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی- انہوں نے اس عظیم منصوبے کی تکمیل کے لئے مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل بھی کی- دیگر مقررین سعید خاور، بریگیڈئر (ر) راشد صدیقی، مفتی ابو قتادہ محی الدین، مفتی ابو طلحہ محی الدین اور آصف خان نے جشن آزادی پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کی اور عہد کیا کہ وہ وطن کی سلامتی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہی کریں گے-تقریب کے اختتام پر پاکستان کے 76 ویں جشن آزادی کی مناسبت سے 76 معذور بچوں میں مفت وہیل چیئر تقسیم کی گئیں جبکہ ”نصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن“ پاکستان مفتی محمد محی الدین کی جانب سے ادارے میں زیر تربیت ایک معذور بچے نے مہمان خصوصی میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو غلاف کعبہ کا ایک پارچہ ہدیہ کیا-