لاہور/کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کی مناسبت سے کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار علامہ اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی گئی۔اس کے علاوہ نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی پیش کی۔مزار علامہ اقبال پر پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے اعزازی فرائض سنبھال لیے ہیں، میجر جنرل قیصر سلیمان، گیریژن کمانڈر لاہور نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔دوسری جانب پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہ ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے، انہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔