اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)پاکستان کے نگران وزیر اعظم کا حلف اٹھانے والے انوارالحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان سے ہے،بلوچستان سے تعلق رکھنے والے وہ دوسرے اور مجموعی طور پر پاکستان کے 8ویں نگران وزیر اعظم ہیں۔انہوں نے 14 اگست کو پاکستان کے 8 ویں نگران وزیر اعظم کے حیثیت سے حلف اٹھایا۔نگران وزیراعظم سینیٹرانوارالحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے کان مہترزئی اور پشتونوں کے معروف قبیلے کاکڑ سے ہیں، کیڈٹ کالج کوہاٹ سے انٹرمیڈیٹ اور بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ سے گریجویشن اور سوشیالوجی اور پولیٹیکل سائنس سے حاصل کرنے کے بعد بیرون ملک چلے گئے۔نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے 2008 میں پہلی بار پاکستان مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر کوئٹہ سٹی سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑا مگر کامیاب نہ ہوسکے۔اس کے بعد وہ ن لیگ میں شامل ہوئے اور 2017 میں نواب ثنا اللہ زہری کے دور میں بلوچستان حکومت کے ترجمان مقرر ہوئے۔انوار الحق کاکڑ مارچ 2018 میں مسلم لیگ ن کی حمایت سے آزاد حیثیت سے چھ سال کے لیے سینیٹر منتخب ہوئے تاہم اسی مہینے وہ مسلم لیگ ن سے منحرف ہونے والے اس گروپ کا حصہ بن گئے جنہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کی بنیاد رکھی۔انوار الحق کاکڑ بی اے پی کے مرکزی ترجمان مقرر کیے گئے۔ انوار الحق کاکڑ افغانستان اور خطے کے حالات پر گہری نظر رکھتے ہیں اورامریکہ، برطانیہ، روس، آسڑیلیا سمیت پورپ کے مختلف ممالک کادورہ بطور سینیٹر کرچکے ہیں۔ انوارالحق کاکڑ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےدفاع،خارجہ،پارلیمانی امور کے فعال ممبر کے ساتھ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس کے چیئرمین رہے۔انوار الحق کاکڑ کو مادری مادری زبان پشتو کے علاوہ انگلش، فارسی، بلوچی،اردو اور براہوی زبانوں پر عبور حاصل ہے۔