لاہور (نمائندہ خصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے یوم آزادی کی مناسبت سے لاہور ہائیکورٹ کی تاریخی عمارت پر پرچم کشائی کی۔تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی ،جسٹس شاہد بلال حسن ،جسٹس عالیہ نیلم ،جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس اسجد جاوید گھرال ، جسٹس انوار حسین، جسٹس علی ضیا باجوہ ،جسٹس فاروق حیدر سمیت دیگر ججز صاحبان ،ہائیکورٹ کے رجسٹرار عرفان احمد سعید دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ پروقار تقریب میں لاہور ہائیکورٹ سٹاف ممبران اور فیملیز کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی ۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیف جسٹس اور ججز کو سلامی دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں ہمارے اباواجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، آج ہمارا ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، ہمیں مل جل کر اس کٹھن دور سے کامیاب وکامران گزرنا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ آج ہمیں قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے۔ پرچم کشائی تقریب کے بعد چیف جسٹس تمام حاضرین سے فرداً فرداً ملے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے تقریب میں آئے بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔