لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف کی اہلیہ اور خاتون اول نصرت شہباز کی طبیعت تاحال ناساز ہے ۔ خاندانی ذرائع کے مطابق نصرت شہباز گزشتہ 6 روز سے اتفاق ہسپتال ماڈل ٹاﺅن میں زیر علاج ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف اپنی اہلیہ نصرت شہباز کے ہمراہ چند روز میں لندن روانہ ہوں گے جہاں ان کا علاج ہوگا ۔خاندانی ذرائع کے مطابق شہباز شریف 14 اگست کے بعد اپنی اہلیہ نصرت شہباز اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ لندن روانہ ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات بھی کریں گے ۔بیگم نصرت شہباز پہلے بھی بیرون ملک علاج کے لیے مقیم رہی ہیں، بیگم نصرت شہباز کی بیرون ملک روانگی ڈاکٹرز کی جانب سے سفر کی اجازت ملنے سے مشروط ہو گی۔