اسلام آباد/لاہور/کراچی/کوئٹہ/پشاور(نمائندگان) پاکستان کا 76 واں یوم آزادی 14 اگست آج( پیر) کراچی سمیت ملک بھر میں شایان شان اور قومی وملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔یوم آزادی پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز علی الصبح وفاقی دارا لحکومت اور چاروں صوبائی داراحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوگا۔وفاقی دارا لحکومت میں 31 اور صوبائی داراحکومتوں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی ۔ترقی اور خوشحالی کے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پروقار تقریب منعقد ہوگی۔جس میں عسکری حکام شریک ہوں گے۔پاک بحریہ کے کیڈٹس کا چاق وچوبند دستہ نیوی کے سیلرز سے چارج لے کر گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالے گا.مزار قائد پر گورنر سندھ ۔وزیراعلی سندھ ۔حکومتی وسیاسی شخصیات حاضری دیں گے۔پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔جشن آزادی مناسبت سے سرکاری ونجی اداروں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔شہریوں کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر شہر کے تمام علاقوں میں گلی محلوں گھروں بازاروں اور عوامی مقامات کو خوبصورت جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔تمام عمارتوں اور گھروں پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے ہیں۔بڑی سرکاری اور اہم عمارتوں کو جشن آزادی کی مناسبت سے خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔شہریوں میں جشن آزادی کے حوالے سے بہت جوش و خروش ہے۔والدین نے بچوں کو جشن آزادی کے حوالے سے پرچم ۔بیجز اور لباس خریدکردیے ہیں۔شہری نے اپنی گاڑیوں پر پرچم لہرائے ہوئے ہیں۔مختلف مقامات پر قومی نغمے بجائے جارہے ہیں۔جو شہریوں کے لہو کو گرما رہے ہیں۔جشن آزادی کے موقع پر پیر کو مختلف جماعتوں تنظیموں اور شہریوں کی جانب سے ریلیاں نکالی جائیں گی۔جشن آزادی کے حوالے سے پروگرامز اور سیمینار منعقد ہوں گے۔جس میں قیام پاکستان کی جدوجہد کے حوالے سے روشنی ڈالی جائیں گی۔14 اگست پر قومی اخبارات میں خصوصی ایڈیشنز شائع ہوں گے اور الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا 76واں یوم آزادی آج (پیر) 14 اگست کو قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا،دن کا آغازمساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی خوشحالی، یکجہتی و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعاﺅں سے ہوگا ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائےگی۔ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم شخصیات شرکت کریں گی ۔ جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے ۔سرکاری شخصیات ،پاک افواج کے افسران اور عوام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے ۔ ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداءکے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا ۔ واہگہ اور گنڈا سنگھ باڈر زپر جشن آزادی کے سلسلہ میں خصوصی پریڈ ہو گی جس میں ملک بھر سے عوام شرکت کریں گے ۔دوسری جانب جشن آزادی کی مناسبت سے گلی محلوں اوربازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا ۔ اہم سرکاری و نجی عمارگوں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے ۔ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بیجز ، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے سٹالز پر خریداری عروج پر ہے ۔تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لئے ساﺅنڈ سسٹم بھی لگا دئیے ہیں۔جشن آزادی کے موقع پرپاکستان ٹیلی وژن ،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔جبکہ جشن آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوںںپرسکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیاگیا ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات کے مقامات پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے ۔