کراچی (نمائندہ خصوصی) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان نگراں وزیراعلی کے نام پر باضابطہ مشاورت کیلئے آج(اتوار) ملاقات پر اتفاق ہوگیاہے۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلی سندھ کے تقرر کے معاملے پر وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ سے اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی رعناانصار کی ملاقات ہوئی۔ترجمان وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کو سندھ اسمبلی مدت پوری ہونے پرمبارکباددی اور ضروری امورپربات چیت کی۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اتوار کو دوبارہ ایک اورملاقات کرنے پراتفاق کیا گیا، وزیراعلی سندھ اوراپوزیشن لیڈرمیں نگراں حکومت کے قیام پرمشاورت نہیں ہوئی، یہ ملاقات صرف مدت ختم ہونے پر کی گئی۔نگراں وزیر اعلی کے معاملے پرآج باضابطہ مشاورت ہوگی ، مرادعلی شاہ حکومت کی طرف سے نام دیں گے اور رعناانصاراپوزیشن سے نام پیش کرینگی، 14اگست کی رات تک متفقہ طور پر نگراں وزیراعلی کا اعلان متوقع ہے۔