اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہاہے کہ نگران وزیراعظم کے معاملے پر ہم سے مشاورت نہیں ہوئی ،توقع ہے تین مہینے کے اندر آئین کے مطابق الیکشن یقینی بنائیں گے، ۔نئے نگران وزیراعظم کی تقرری پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف پارلیمان کے اندر اور باہرپاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے لیکن ہم سے نگران وزیراعظم کے معاملے پر مشاورت نہیں ہوئی، اب انوارلحق کاکڑ پر ایک بھاری ذمے داری عائد ہو چکی ہے، توقع کرتے ہیں کے تین مہینے کے اندر آئین کے مطابق الیکشن یقینی بنائیں گے اور عوام کے جمہوری حقوق پر کوئی ضرب نہیں آنے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن مہم میں تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن مہم میں منصفانہ ماحول دینا لازم ہے۔حماد اظہر نے کہاکہ الیکشن صاف اور شفاف ہونا اس وقت ملک کے لئے انتہائی اہم ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ہزاروں سیاسی قیدی جعلی مقدمات میں قید ہیں، اس معاملے پر قوم میں بہت بے چینی اور شک و شہبات ہیں۔ سابق وزیر نے کہاکہ نگراں وزیراعظم کو اس معاملے پر بھی فوری نوٹس لینا ہو گا، پاکستان اس وقت کسی نئے مہم جوئی کا متحمل نہیں۔