لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ بلوچستان میں احساس محرومی دور کرنے کے لئے جامع اور ٹھوس اقدامات پر کاربند ہیں، پاکستان باالخصوص بلوچستان کی ترقی نوازشریف کے دل کی آواز ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ چند ہفتے قبل سینیٹر انوارالحق کاکڑ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں پارٹی تنظیمی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں عوام کو شراکت دار بنانا چاہتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے دانش سکول، جدید معیار کی ووکیشنل درس گاہ کے قیام کے اقدامات کئے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف نے 1150 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ دیا ہے، ملک کا معاشی استحکام، عوام کی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نوازشریف نے کہا کہ معاشی بحالی کا قومی منصوبہ تاریخی قدم ہے۔