مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے 969میگا واٹ صلاحیت کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بحالی کا افتتاح کر دیا ، اس موقع پر چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر)سجاد غنی ، سیکرٹری آبی وسائل حسن ناصرجامی بھی ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر سید خورشیداحمد شاہ نے ٹنل کا معائنہ بھی کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے بجلی کی پیداوار کے بحال ہونے پر واپڈا ، پراجیکٹ ٹیم اور چائنیز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک قومی نوعیت کا منصوبہ تھا اور اتنے کم وقت میں بحالی پر تمام متعلقہ حکام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے اندرمنصوبہ کی بحالی واپڈا کے لیے بہت بڑا چیلنج تھا لیکن دن رات کی محنت سے یہ منصوبہ آج بحال ہو گیا ہے جس پر تمام متعلقہ حکام کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ 969میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گئی ہے جس سے توانائی کے شعبہ میں مزید بہتری آئے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نیلم جہلم ایک سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے جس کی بحالی پاکستان کے لیے خوش آئند ہے۔ وفاقی وزیر نے چائینیز کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے مل کر اس منصوبہ کی بحالی میں مد دکی ،ایک سال کے اندر منصوبہ کی بحالی ایک چیلنج تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میںامید کرتا ہوں کہ توانائی کے شعبہ کی ترقی کے لیے پاکستان میں جاری دیگر ہائیڈل پراجیکٹ بھی بروقت مکمل کیئے جائیں گے تاکہ پاکستان میں توانائی کا بحران ختم ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہائیڈرو پاور انرجی پاکستان کا بہت بڑا ذریعہ آمدن ہے اور یہ پراجیکٹ پاکستان کا اثاثہ ہے۔ وفاقی وزیر نے پراجیکٹ میں کام کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا بھی اعلان کیا۔