کراچی(نمائندہ خصوصی) عمان کے چیف آف اسٹاف سلطان آرمڈ فورسز وائس ایڈمرل عبداللہ بن خامس الرئیسی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ تعاون اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ میں پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔ عمان پاکستان کا سمندری پڑوسی ہے اور دونوں ممالک کی سمندری حدود مشترکہ ہیں۔ دونوں ممالک کے بحری جہاز معمول کے مطابق ایک دوسرے کے ساحلوں کے قریب کام کرتے اور طبی انخلاء، بحری قانون کے نفاذ میں تعاون اور لاجسٹک سپورٹ کے حوالے سے ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہیں۔ دونوں بحری افواج کے بہت قریبی تعلقات ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کے لیے پیش پیش ہیں۔
چیف آف اسٹاف سلطان آرمڈ فورسز عمان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔