اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے گوجرانوالہ بورڈ میں میٹرک کے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم جمشید علی سے ملاقات کی اور ہونہار طالبعلم کو 10 لاکھ روپے کا انعام دیا۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ میں گوجرانوالہ بورڈ میں ٹاپ کرنے والے ذہین طالبعلم اور اس کے اہلخانہ سے ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ بورڈ میں میٹرک کے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالب علم جمشید علی سے مل کر انتہائی مسرت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جمشید علی کی کامیابی میں جہاں اس کی اپنی محنت اور لگن شامل ہے وہیں اس کے والدین اور اساتذہ کی بھی اتنی ہی محنت کارگر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں جمشید علی کی مثالی کارکردگی پر اسکی حوصلہ افزائی کیلیے 10 لاکھ روپے کا انعام، ماسٹرز تک تعلیم کے اخراجات حکومت کی طرف سے برداشت کرنے اور ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفہ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔میاں شہاز شریف نے کہا کہ انہوں نے جمشید علی سے یہ عہد بھی لیا ہے کہ وہ آئندہ بھی ایسی ہی شاندار کارکردگی دکھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمشید علی جیسے درخشاں ستارے ہماری قوم کا فخر ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کیلیے رول ماڈل بھی ہیں۔