واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی جریدے بلوم برگ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی حکومت انتخابات نئی مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر کرانا چاہتی ہے، ملک کے عام انتخابات اگلے سال تک موخر ہوسکتے ہیں۔امریکی جریدے کے مطابق نئی مردم شماری کے مطابق گزشتہ 6 سالوں میں پاکستان کی آبادی میں 16 فیصد اضافہ ہوا ہے، الیکشن کمیشن کو نئے ووٹرز کو شامل کر کے حلقہ بندیوں کی نئی لسٹیں بنانی ہوں گی۔ الیکشن کمیشن کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد نے پاکستانی چینل کو بتایا کہ نئی حلقہ بندیوں کے کام کی وجہ سے انتخابات اگلے سال کی 15 فروری سے پہلے ہونا ممکن نظر نہیں آتا۔دوسری جانب پاکستان الیکشن کمیشن کے ترجمان نے اس معاملے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں نئی مردم شماری کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے۔اس حوالے سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے تمام 8 ارکان نے مردم شماری کی متفقہ منظوری دی۔وزیر قانون نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا کام 120 دن میں ہونا ہے، قومی اسمبلی میں تمام صوبوں کی نشستوں کا حصہ وہی رہے گا۔انہوں نے کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت عام انتخابات شائع کی گئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے۔