اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فون پررابطہ کیا جس میں بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے عہدیداروں کے تضحیک آمیز ریمارکس اور بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھارت میں جاری اسلاموفوبک اقدامات خاص طور پر حال ہی میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں بی جے پی کے دو سینئر عہدیداروں کی طرف سے توہین آمیز ریمارکس سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح جان بوجھ کر کی گئی اشتعال انگیزی سے دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ بھارت میں نفرت انگیز تقاریر اور اسلامو فوبیا کے بڑھتی ہوئی لہر اور ان مکروہ ریمارکس کا نوٹس لیں۔ انہوں نے بھارتی حکام کی جانب سے پرامن مظاہرین کےساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کی بھی مذمت کی جس میں مظاہرین کے گھروں کو غیر قانونی طور پر بلڈوز کرنا بھی شامل ہے، جو کہ مسلمانوں پر بی جے پی اور آر ایس ایس کے اتحاد کی جانب سے مسلسل ظلم و ستم کا تازہ اقدام ہے۔