کراچی(نمائندہ خصوصی) آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) اور گلگت بلتستان (جی بی) کی حکومت نے گلگت بلستان کے اسکولوں کے اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے گلگت بلتستان کی حکومت کے ساتھ اشتراک عمل کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدہ آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین کی رہنمائی میں طے کیا گیا ہے۔
آغا خان یونیورسٹی گلگت بلتستان مییں تعلیم کے معیار کی بہتری کے لیے ایک پائلٹ پراجیکٹ پر عمل درآمد کریگی اس پراجیکٹ کو ”ایجوکیشن فیلوز: پائلٹ پراجیکٹ برائے تحصیل تعلیمی خدمات اور گلگت بلتستان میں درسگاہوں کے معیار کی بہتری“ کا نام دیا گیا ہے۔ اس پراجیکٹ پر آغا خان یونیورسٹی کا انسٹی ٹیوٹ برائے ایجوکیشن ڈیولپمنٹ (اے کے یو۔ آئی ای ڈی) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو)، لاہور یونیورسٹی آف منجمنٹ سائنسز(ایل یو ایم ایس)، نالج پلیٹ فارم (کے پی) پر مشتمل کنسورشیم کے ساتھ مل کر عمل درآمد کرے گا۔ یہ کنسورشیم مجموعی طور پر ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ قریبی اشتراک کے ساتھ کام کرے گا۔
اس پراجیکٹ کے تحت گلگت بلتستان میں پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکول کی سطح کے ایک ہزار اساتذہ منتخب کرکے انہیں تربیت فراہم کی جائیگی۔ اسکولوں اور درسگاہوں میں تعلیم سے متعلق تربیت کے ساتھ ساتھ تعلیمی فاؤنڈیشنز، کلاس روم منجمنٹ، لرنر اور لرننگ تھیوریز، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے تدریس، کمیونٹی سے روابط اور ایجوکیشن ٹیکنالوجی کے بارے میں بھی تربیت فراہم کی جائیگی۔
اس شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے آغا خان یونیورسٹی کے وائس پرو۔وسٹ انجم ہلالی نے کہا کہ ہم اس اہم پراجیکٹ کے لیے اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے ساتھ شراکت داری پر بے حد مسرور ہیں۔ یہ پراجیکٹ گلگت بلتستان میں تعلیم کے معیار پر نمایاں اثرات مرتب کرنے کے مواقع مہیا کرے گا ہمیں اس پراجیکٹ کی کامیابی کے لیے اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرنا ہمارے لیے قابل فخر ہے۔
اپنے تاثرات کا اظہا کرتے ہوئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے گلگت بلتستان حکومت کے تمام پارٹنرز کو جی بی میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے پختہ عزم کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ جی بی کے اسکولوں میں طریقہ تدریس اور تعلیم کے ماحول کو بدلنے کی ہماری حکمت عملی میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور ہمیں اس پراجیکٹ کی کامیابی کا پورا یقین ہے۔
آغا خان یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ برائے ایجوکیشن ڈیولپمنٹ کے ڈین ڈاکٹر پنجوانی نے کہا کہ یہ پروگرام معیاری تعلیم کے مرکز میں اساتذہ کی شناخت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ہر طالب علم کو سوچ کی آزادی، تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار اور سماجی انصاف کی جستجو کے ذریعے آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر ایل یو ایم ایس، کے پی، کے آئی یو کے نمائندوں نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اس پروگرام کے طلباء پر اثرات کا احاطہ کیا۔