کراچی(نمائندہ خصوصی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ لوگوں کے کام کرنے کے لیے اختیار کی نہیں بلکہ کردار اور نیت کی ضرورت ہوتی ہے، اللہ نے مجھے موقع دیا تو 300یونٹ تک بجلی کے بل صفر کردوں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فری آئی ٹی کورسز کے بارہویں اور تیرھویں مرحلے کے ٹیسٹ کے انعقاد کے موقع پر طالب علموں سے خطاب کے دوران کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ آئی ٹی کا یہ پروگرام بند نہیں ہوگا، آئی ٹی کورس کے لئے ساڑھے پانچ لاکھ افراد نے رجسٹریشن کروائی ہے، لوگوں کا کہنا تھا کہ اتنے سارے لوگوں کا ٹیسٹ کیسے لیا جائے گا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اس گورنر ہاﺅس میں کئی دنوں سے ٹیچرز کی ٹریننگ ہو رہی ہے، اس کے علاوہ آئی ٹی پروگرام کے لئے باہر سے بھی ٹیچرز کو بلوائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ کورسسز بالکل مفت کروائے جائیں گے، ان کورسسز کے لیے سندھ حکومت اور وفاق سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا گیا، بلکہ اس سب کا اہتمام ہم سب مل کر کررہے ہیں، جس میں سیلانی ویلفیر اور جے ڈی سی شامل ہیں، انہوں نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے مولانا بشیر فاروقی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جو آپ چاہتے ہیں بن جائیں گے، بس اللہ کا شکر ادا کریں اور ایک دوسرے کی مدد کریں، ایک راستہ اللہ نے کھول دیا ہے جو کہ گورنر ہاو س کا رستہ ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ایک گورنمنٹ آئی تھی جس نے کہا تھا کہ گورنر ہاو س کے دروازے کھول دیں گے، لیکن نہ دروازے کھلے اور نہ ہی دیواریں گریں، لیکن آج گورنر ہاو س کے دروازے آپ لوگوں کے لئے کھل گئے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں اس شہر کے رہنے والوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کا اصل چہرہ کلاشنکوف نہیں بلکہ قلم ہے، اسی قلم سے ہم آپ کو شعور دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار کرنے کے طریقے اور سہولیات اسی گورنر ہاو س سے فراہم کی جائیں گی، مجھے یقین ہے کہ وہ دن ضرور آئے گا جب آپ کو آپ کا حق ملے گا۔