اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کو غربت ، دہشت گردی اور قدرتی آفات جیسے مسائل کا سامنا ہے اور ہمیں ملکر ان مسائل کا مقابلہ کرنا ہوگا، ہم پاکستانی عوام کو اتنا مضبوط بنانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی ہمت و حوصلہ کیساتھ ان مسائل کا سامنا کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار شازیہ مری نے کراچی میں موبائل رجسٹریشن وہیکل سینٹر کی افتتاحی تقریب میں شرکائسے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر کراچی میں تعینات جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز اور سیکرٹری بی آئی ایس پی، عامر علی احمد نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران وفاقی وزیر شازیہ مری نے موبائل رجسٹریشن وہیکل سینٹر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ جرمن حکومت ، GIZ اور سندھ حکومت کے تعاون سے موبائل رجسٹریشن وہیکل سینٹر کا آغاز کیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں سندھ اور بلوچستان کے 25 اضلاع میں موبائل رجسٹریشن وہیکلز شروع کی جارہی ہیں۔ صوبہ سندھ کے ضلع گوٹھکی، عمر کوٹ، تھرپارکر، سانگھڑ اور جام شورو جبکہ صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی، خضدار، کیچ، اوران، لسبیلہ، سبی، لورالائی، قلعہ سیف اللہ اور دیگر اضلاع اس میں شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ موبائل رجسٹریشن وہیکل کے ذریعے دور دراز علاقوں میں مستحقین تک رسائی حاصل کی جائیگی۔ موبائل رجسٹریشن وہیکل کا مقصد مستحقین کیلئے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ محترمہ شازیہ مری نے کہا کہ میں جرمن حکومت اور GIZ کی وینز خریداری میں تعاون پر انکی شکر گزار ہوں۔ وفاقی وزیر نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیساتھ تمام ترقیاتی شراکت داروں کی مالی و تکنیکی معاونت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا مقصد غریبوں اور کم آمدنی والے افراد کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔