کراچی(نمائندہ خصوصی) نارتھ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے سے گیس کی فراہمی بند رہی جس سے علاقہ مکین پریشان اور کھانوں کی تیاری کے لیے انھیں نہایت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے سے گیس کی بندش کے سبب وہاں کے رہائیشیوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، گھر کی خواتین کو ناشتے اور کھانوں کی تیاری کے لیے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔علاقہ مکینوں نے اس حوالے سے بتایا کہ نارتھ کراچی کے کچھ علاقوں میں 12 بجے گیس بحال کی گئی تاہم گزشتہ کئی گھنٹوں سے گیس کی فراہمی بند تھی جس کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ترجمان ایس ایس جی سی نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ بدھ کی رات ساڑھے 9 بجے تک کام مکمل کر لیا گیا تھا، گیس کی سپلائی بحال کر دی گئی ہےایس ایس جی سی حکام کے مطابق یومیہ لوڈ مینجمنٹ کے مطابق گیس سپلائی بند ہوئی جو جمعرات کی صبح دوبارہ شروع ہوگئی، ایس ایس جی سی سسٹم میں صبح 11 بجے کے قریب انتہائی کم پریشرکی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی۔