واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے آج امریکی انڈر سیکرٹری برائے اقتصادی ترقی، توانائی اور ماحولیات جوز ڈبلیو فرنینڈیز سے امریکی محکمہ خارجہ میں ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد سیکرٹری فرنینڈیز نے ٹویٹ میں کہا کہ آج میں نے پاکستانی سفیر مسعود خان کے ساتھ پاک امریکہ اقتصادی شراکت کو مضبوط بنانے ، گرین الائنس کے ذریعے ماحولیاتی مدافعت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوطرفہ سودمند ترجیحات پر مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے پرتپاک استقبال پر انڈر سیکرٹری فرنینڈز کا شکریہ ادا کیا۔ اور اپنی ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ تجارت، ٹیکنالوجی، زراعت، توانائی اور ماحولیات کے شعبے میں اپنے دوطرفہ تعاون کومزید بلندیوں پر لے جانے کے لیے ملکر کام کریں گے۔انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔