راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں، دونوں ممالک کی فوجوں اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، پاکستان اور چین نے مل کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 96 ویں سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر تھے۔عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانے کی ناظم الامور محترمہ پینگ چنکسو، دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ڑونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی سہ فریقی افواج کے افسران نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا، پی ایل اے کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی اور پاکستان آرمی ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور ہم اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔چینی ناظم الامور پینگ چنکسو نے پی ایل اے کے قیام کی 96 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان یہ تعاون پر مبنی شراکت داری وقت اور بین الاقوامی تناظر میں ضروری ہے، چین اور پاکستان نے ابھی مشترکہ طور پر سی پیک کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ منائی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ میں آرمی چیف اور دیگر فوجی رہنماو¿ں نے چین کے کامیاب دورے کیے، جس سے دونوں افواج کے درمیان تعلقات کو مضبوطی سے فروغ ملا ہے۔