کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی کے شہریوں کیلئے 54فیصد شیئرہولڈرز کے حامل کے الیکٹرک کے نئے مالک کی جانب سے خوشخبری،سربراہ ایشیا پاک انویسٹمنٹ شہریار چشتی نے کراچی کے شہریوں کو سستی بجلی دینے کا پلان بنالیا۔ شہریار چشتی نے بدھ کو میڈیا سے ملاقات میں بتایا کہ کے الیکٹرک کا کنٹرول جلد ایشا پاک کے پاس آجائے گا کیونکہ کے الیکٹرک کے 54 فیصد شیئر ایشا پاک نے حاصل کرلیے ہیں۔شہریار چشتی نے بتایا کہ کراچی کے لیے سستی بجلی کے حصول کے لیے آئندہ پانچ سالوں میں مجموعی طور پر ڈھائی سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انکا کہنا تھا کہ سستی بجلی کے لیے کوئلہ ، ونڈ اور سولر میں سرمایہ کاری کی جائے گی اور سب سے پہلے جامشورو میں موجود امپورٹڈ کول پاور پلانٹ کو تھر کے کوئلے پر منتقل کیا جائے گا،660 میگا واٹ کا جامشورو پلانٹ تیار ہے اور جام شورو کوئلے کے پلانٹ کو تھر کے کوئلے پر بجلی بنانے کے لئے منتقل کرنے کا پلان بھی تیار ہے، اس پلانٹ کو کوئلے پر منتقل کرکے آئندہ چھ ماہ میں مقامی کوئلے سے سستی بجلی حاصل ہوسکے گی۔شہریار چشتی نے مزید بتایا کہ جام شورو پلانٹ کو مقامی کوئلے پر منتقلی پر 50 ملین ڈالر لاگت آئے گی،جامشورو میں ہی ایک اور مزید 660 میگاواٹ کے مقامی کوئلے کا پلانٹ لگایا جائے گا،ونڈ اور سولر سے آئندہ پانچ سال میں 3000 میگاواٹ سستی بجلی حاصل کی جائے گی،اس پروجیکٹ میں ڈھائی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی اور یہ سرمایہ کاری متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے تعاون سے ہوگی ۔انکا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی شنگھائی الیکڑک کو فروخت کے معاملے پر تیار ہیں،پاکستانی بینکوں کو کوئلے کے منصوبوں کی فنانسنگ کرنی چایئے ۔شہریار چشتی نے کہا کہ کے الیکٹرک اس وقت تک کوئی ڈیویڈنٹ نہیں دےگا جب تک جنریشن ایوریج ملک بھر سے کم نہ ہوجائے۔