اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ جہاں معدنی ذخائر ہیں وہ پسماندہ علاقے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ معدنیات کی ترقی کے ثمرات سے مقامی آبادی کو تعلیم، صحت ، روز گار اور ترقی میں حصہ ملے۔ منگل کو پاکستان منرلز سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دوبارہ ٹیک آف کے لئے تیار ہو رہا ہے، پالیسوں کے تسلسل کو جاری رکھیں، 2035 تک پاکستان ایک ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے اور فی کس آمدنی چار ہزار ڈالر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کار آ رہے ہیں جس سے ملک کی معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ عوامی ترقی بھی ہو گی، ہمیں اپنی خاک اور مٹی سے ترقی کرنا ہے، ترقی کے اس عمل میں سب کو شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کان کنی کے شعبے میں بہت مواقع ہیں اور کان کنی کو شروع کرنے کا ہمارے لئے درست وقت ہے۔