قصور(نمائندہ خصوصی) دریائے ستلج کے مقام گنڈا سنگھ میں 2 بھارتی نوجوان سیلابی پانی میں بہہ کر پاکستان آگئے۔بھارت کے شہر لدھیانہ کے رہائشی دونوں نوجوانوں کو پاکستان رینجرز نے حراست میں لے لیا ، گرفتار نوجوانوں کی شناخت رتن پال اور ہروندر سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز دونوں نوجوان بہہ کر پاکستان کے علاقے میں داخل ہوگئے تھے، قصور کے رتن گاﺅں کے مقامی لوگوں نے دونوں نوجوان کو پکڑ کر پاکستان رینجرز کے حوالے کردیا۔واضح رہے اس سے قبل بھی ایک شخص سیلابی پانی میں بہہ کر پاکستان آیا جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔پولیس نے اس شہری کے حوالے سے بتایا تھا کہ بھارتی شہری سماعت اور گویائی کی قوت سے محروم ہے جسے ایدھی سینٹر منتقل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ اس شخص نے اشاروں میں بتایا کہ وہ بھارتی شہری ہے اور سیلابی ریلے میں بہہ کر پاکستان آیا ہے۔