لاہور(نمائندہ خصوصی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بڑا بھائی چھوٹے بھائی پر اعتماد نہیں کر رہا تو قوم ان پر کیسے اعتماد کر سکتی ہے ،سیاست کا دل نہیں ہوتا دوکان ہوتی ہے اور دل کی بات دل والا سمجھتا ہے دوکان والا نہیں ،باجوڑ میں 50 آدمیوں کی شہادت نے دنیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے مزید ڈرا دیا ہے ،ساری دنیا کے درمیان سرمایہ کاری کا مقابلہ ہے لیکن پاکستان میں ڈر اور خوف کی فضا ہے ، غریب نے معاشی طور پرمرنا ہے یا حکومت کا سیاسی قبرستان بنانا ہے اس کی شروعات ہوچکی ہیں ،ستمبر غریب کے لیے ستمگر ہوگا حکمران الیکشن سے فرار ہونے کے بہانے ڈھونڈیں گے۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رسید نے کہا کہ پاکستان کا اپنا سرمایہ کار بنگلہ دیش اور افریقہ میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور 10 لاکھ بلاصلاحیت نوجوان ملک چھوڑ کر جا رہا ہے کیونکہ پاکستان میں طاقت کاسرچشمہ عوام نہیں ،آئین و قانون کی کوئی حیثیت اور اہمیت نہیں ہے جوں جوں الیکشن کی تاریخ قریب آرہی ہے اتنا ہی الیکشن کا ہونا مشکوک قرار پا رہا ہے، جتناالیکٹرانک میڈیا کو زنجیروں میں جکڑا جائے گا اتناہی سوشل میڈیا مقبول اور مضبوط ہو جائے گا ،جس فلم میں صرف ہیرو کو دکھایا جائے اور ولن کے شارٹ پرپابندی ہو وہ فلم کبھی نہیں چلتی ،حکومت کمپنی کی مشہوری پر اور ممبروں کی خوشنودی پر اربوں روپے لگا رہی ہے لیکن یہ کم عقل ہے اور ذہنی پستی کا شکار ہیںکیونکہ بجلی کا بل ہر گھر میں جا رہا ہے ،اگست شروع ہو گیا اور سیاست کے آخری 5 اوور کا میچ شروع ہوگیا ہے ،10 دن تک فیصلہ ہوجائے گاکہ دبئی اور لندن کے فیصلے کیا ہیں اور عوام کا فیصلہ کیاہے ،ملک جس کشمکش سنگین اور گھمبیر حالات سے گزر رہا ہے عوام کو اس سے بے خبر رکھا جا رہا ہے لیکن عوام باشعور ہو چکی ہے اور سیاسی چہروں کو پڑھنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ،15 مہینے حکمرانوں نے اقتدار کے مزے لوٹے اور یہ بھول گئے کہ انہیں لوٹ کر عوام میں ہی جانا ہے اور عوام نے ہی آخری فیصلہ سنانا ہے۔