اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا، ابوظہبی میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان سے ملاقات کی اور شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا جو 27 جولائی کو انتقال کر گئے تھے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں ہونے والی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر سمیت دوطرفہ کثیر جہتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مشکل وقت میں پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے گراں قدر تعاون کو سراہا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ نے دبئی میں مادام تساو¿ میں سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم کے طور پر محترمہ بے نظیر بھٹو کے کارہائے نمایاں کا ذکر کیا جنہوں نے دنیا بھر میں نوجوانوں، خواتین اور جمہوری تحریکوں کو متاثر کیا۔