کراچی (نمائندہ خصوصی) میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں آج بھی 10 سے 12 ہزار لوگ روزانہ آتے ہیں، کراچی کی قدر کریں، یہ ہمارے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ کے دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی ملک کی شہ رگ ہے، کمرشل کیپٹل حب بھی ہے۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں آج بھی 10 سے 12 ہزار لوگ روزانہ آتے ہیں، کراچی کی قدر کریں، یہ ہمارے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔مرتضی وہاب نے کہا کہ افسوس ہے کراچی کے لیے ایک منفی رجحان بنایا گیا ہے، اس شہر کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانا ہے، ہمیں اپنے شہروں کی مثبت مارکیٹنگ کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کراچی چلے گا تو ملک ترقی کرے گا، ملک کی ترقی کا دارومدار کراچی کی ترقی پرمنحصر ہے، ہم سب کو اپنے اس شہر کو اون کرنا ہوگا، اپنے گھروں کی طرح اس شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ مجھے میری جماعت اور اس شہر کے لوگوں نے مینڈیٹ دیا ہے۔